...................... .................

گھر پر ٹافیاں بنانے کا آسان طریقہ

سادہ ٹافی بنانے کی ترکیب
صاف دانہ دار کھانڈ3 1/2 کلو لے کر سوا کلو پانی ملا کر لوہے کی کڑاہی میں ڈال کر آگ پر رکھیں جب ابلنے لگے تو اس میں کریم آف ٹارٹر3 3/4 ماشہ ملا کر نہایت تیز آگ پر ابالیں۔ تھرما میٹر شربت میں ڈال کر دیکھیں جب پارہ310-315 فارن ہیٹ پر پہنچے تو کڑاہی سے اتار لیں ٹھنڈا ہونے پر اس میں خوشبو ’’ بٹر فلاور‘‘ ضرورت کے مطابق ملا کر اور اچھی طرح ہلا کر فوراً ہی پتھر پر ڈال دیں۔
قدرے ٹھنڈا ہونے پر بیلن سے دبا کر چوتھائی انچ موٹھائی کے برابر ہموار سطح کی تہہ بنائیں۔ پھر اس کوٹافی بنانے والے آلے سے دبا کر لمبائی چوڑائی کے رخ یکساں سائز کے ٹکڑے کاٹ لیں۔ اچھی طرح ٹھنڈا ہو جانے پر ان کو رنگ برنگے خوبصورت پھول اور ڈیزائن دار کاغذ کے ٹکڑوں میں لپیٹ کر رکھ لیں۔ شیشہ کے چوڑے جاروں میں رنگ برنگ کے کاغذوں میں لپٹی ہوئی ٹافی دیکھ کر لوگوں کے دل میں ان کو خریدنے کی زبردست خواہش پیدا ہوتی ہے بچے ٹافی کو بے حد پسند کرتے ہیں ٹافی کے کام کو ترقی دینے کے لئے مارکیٹ کافی وسیع ہے۔
مکھن والی لذیذ ٹافی
ایک کلو دانہ دار کھانڈ کڑاہی میں ڈال کر آدھ کلو پانی میں ملائیں اب اس میں4 ماشہ کریم آف ٹارٹر ملا کر فوراً تیز آگ پر ابالیں حتیٰ کہ تھرمامیٹر لگانے پر درجہ حرارت305سے310فارن ہیٹ پر پہنچ جائے۔ آگ بہت تیز ہونی چاہئے۔ مطلوبہ حرارت پر پہنچ جانے پر فوراً نیچے اتار لیں اور قدرے ٹھنڈا ہونے دیں۔ پھر اس قوام میں تین چھٹانک تازہ مکھن ملا کر خوب ہلائیں اور دوبارہ آگ پر رکھیں حتیٰ کہ مکھن ابلنے لگے۔ پھر اس کو میز پر پھیلا کر خوشبو کے لئے ’’ آئل آف لیمن‘‘ مطابق ضرورت ملا کر بیلن سے دبا کر 1/4 انچ موٹی ہموار سطح بنا لیں اور ٹافی کاٹنے والے آلہ سے یکساں سائز کے ٹکڑے کاٹ کر خوبصورت کاغذوں میں لپیٹ لیں۔

جواب لکھیں