...................... .................

بھارتی امیدوار کے مقابلے میں سینیٹر رضا ربانی کامیاب

بھارتی امیدوار ششی تھرور کے مقابلے میں سینیٹر رضا ربانی کو انٹر پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کا رکن منتخب کرلیا گیا ہے۔
ایچ ٹی وی پاکستان کے مطابق سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں دنیا کی 188 پارلیمانوں پر مشتمل انٹر پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی جنرل اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے شرکت کی۔
ایشیا پیسفک گروپ کی جانب سے یونین کی ایگزیکٹو باڈی کیلئے ایک متفقہ امیدوار دیا جانا تھا جس کیلئے پاکستان نے سینیٹر رضا ربانی جبکہ بھارت نے ششی تھرور کونامزد کیا تھا۔
ایشیا پیسفک گروپ کے تمام 34 ارکان کا پاکستان کی طرف جھکاﺅ دیکھ کر بھارتی وفد کی جانب سے انتخابات موخر کروانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکے۔
اپنی یقینی ہار دیکھتے ہوئے بھارتی امیدوار نے اپنا نام واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے شکست تسلیم کرلی جس کے باعث رضا ربانی بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے اس عہدے کیلئے خفیہ رائے شماری کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ سینیٹر رضا ربانی کو انٹر پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کا رکن3 سال کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق سینیٹر رضا ربانی کے علاوہ ایشیاء پیسیفک گروپ نے سینیٹر شیری رحمان کو کمیٹی برائے پائیدار ترقی، مالیات اور تجارت کا رکن بھی منتخب کرلیا۔
خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بین الاقوامی پارلیمانی تنظیم (آئی پی یو) کی ایشیاء پیسیفک گروپ کے موجودہ چیئرمین ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سینیٹر جاوید عباسی کو یونین کی ڈرافٹنگ کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔

جواب لکھیں