...................... .................

افغانستان کا قومی پرچم آویزاں کرنے والا افغان شخص گرفتار

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے بورڈ بازار میں بل بورڈ پر افغانستان کا قومی پرچم آویزاں کرنے کے الزام میں ایک افغان شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ علاقہ پولیس کے مطابق افغان شہری پشاور کے علاقے تاج آباد میں رہائش پذیر تھا جسے 12 اگست کو افغانستان کا پرچم آویزاں کرنے پر گرفتار کیا گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کے مطابق پرچم آویزاں کرنے کے پسِ پردہ کوئی مذموم مقصد نہیں تھا بلکہ وہ صرف اس کے ساتھ تصویر کھینچنا چاہتا تھا۔ ملزم نے پولیس کو مزید بتایا کہ اس طرح تصویر کھینچنے کے فوراً بعد اس کی تصویر وائرل ہوگئی۔
ملزم اب بھی پولیس کی حراست میں موجود ہے جسے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 153 اے کے تحت گرفتار کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق افغانستان کا پرچم آویزان کرنے والا نوجوان بورڈ بازار میں سبزیاں فروخت کرتا ہے۔
خیال رہے کہ جنوری 2016 میں پنجاب کے شہر اوکاڑہ کے ایک گاؤں میں ہندوستانی پرچم لہرانے کی اطلاع ملنے پر ایک شخص عمر دراز ولد لیاقت علی کے گھر پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کرلیا گیا تھا۔
گرفتار شخص کا کہنا تھا کہ وہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز ویرات کوہلی کا مداح ہے اور اس نے اپنے مکان کی دیواروں پر اس کی تصاویر بھی لگا رکھی ہیں۔ تاہم گرفتاری کے بعد اسے احساس ہوا کہ اس نے ہندوستان کا پرچم لہرا کر غلطی کی۔
واضح رہے کہ ہندوستان میں پاکستان کے پرچم لہرائے جانے کے واقعات عمومی طور پر پیش آتے رہتے ہیں۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں عمومی طور پر تقریباً ہر احتجاج کے دوران پاکستان کی حمایت اور ہندوستان کی مخالفت میں پاکستانی پرچم لہرائے جاتے ہیں۔ دوسری جانب ہندوستانی پنجاب میں سکھوں کی ’خالصتان تحریک‘ طویل عرصے سے جاری ہے اور وہاں بھی پاکستان کا پرچم کئی بار لہرایا جاچکا ہے۔

جواب لکھیں

%d bloggers like this: